کراچی: کتے کے کاٹنے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ، 5دن میں859افراد زخمی
کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں کتے کے کاٹنے کے واقعات وبا کی شکل اختیار کرگئے، رواں سال کے صرف پہلے 5 دنوں میں کتوں نے 850 افراد کو کاٹ لیا۔
نجی سپتال کورنگی میں پانچ دنوں میں 300 نئے سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سول اور جناح ہسپتال میں بھی کتےکے کاٹنے کے 300 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
انچارج ڈاگ بائٹ کلینک ڈاکٹر آفتاب گوہر کے مطابق زیادہ تر یہ کیسز کورنگی، حب چوکی، بلدیہ، لانڈھی اور گڈاپ سے رپورٹ ہوئے ہیں، نجی ہسپتال میں کتے کے کاٹے کا شکار 41 سالہ شخص کی انفیکشن پھیلنےکے باعث انگلی کاٹنی پڑی۔
ڈاکٹر آفتاب گوہر نے خبردار کیا کہ ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ بیماری تقریباً ہمیشہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہےکہ کسی بھی ڈاگ بائٹ کی صورت میں فوراً طبی امداد لیں اور ویکسین لگوائیں۔