نظام چہرے نہیں، مسلسل جدوجہد سے بدلے گا: حافظ نعیم الرحمان
اٹک:(دنیا نیوز) امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نظام چہرے بدلنے سے نہیں، مسلسل جدوجہد سے بدلے گا۔
پنجاب کے شہر اٹک میں ریلوے گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فوج اور عوام میں فاصلے دفاع کو کمزور کر دیے ہیں، قوم متحد ہو تو دشمن شکست کھاتا ہے، فارم 47 کی حکومت عوامی غصے کی بنیادی وجہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا عدالتی نظام ناکامی کا شکار ہے، ملک بھر میں 23 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں، انصاف غریب اور مڈل کلاس کی دسترس سے باہر ہے، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم سے عدالتی اصلاحات ختم ہو گئیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 83 فیصد مزدور غیر رسمی شعبے میں، کوئی قانونی تحفظ نہیں،کم از کم اجرت کے دعوے صرف کاغذی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 2 کروڑ 62 لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں، یہ ریاستی ناکامی ہے، سرکاری سکول تباہ، 25 ہزار سے زائد سکول آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں، تعلیم دولت کی بنیاد پر تقسیم ہو چکی ہے، نظام چہرے بدلنے سے نہیں، مسلسل جدوجہد سے بدلے گا۔
اُن کا کہا تھا کہ کشمیر کے بغیر کسی ثالثی کو قبول نہیں کیا جا سکتا، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ناگزیر ہے، پاکستان اور افغانستان کے مسائل کا حل مذاکرات ہیں، جنگ نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پنجاب میں 2015 کے بعد بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے، غیر جماعتی بلدیاتی نظام عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔