بلوچستان میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں بڑا نیٹ ورک بے نقاب، ملزم گرفتار

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ساجد احمد کو گرفتار کرلیا، اسلحہ بارود برآمد کیا گیا۔

کوئٹہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ٹی ڈی بلوچستان کے ڈی آئی جی اعزاز گورایہ کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد ساجد احمد اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہے، پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے اہم آپریشن کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ساجد پنجگور سے تربت کی طرف بھاری مقدار میں اسلحہ منتقل کر رہا تھا، گرفتار دہشت گرد سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کا مواد نشر کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دہشت گرد جہانزیب مہربان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو ریکی اور رقم فراہم کرنے میں شامل رہا ہے، جہانزیب نے ایک اور 18 سال کے لڑکے کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا تھا۔

حکام کے مطابق ساجد احمد یونیورسٹی آف تربت میں پڑھاتا رہا ہے، ساجد کی بھابھی بھی بی وائی سی کی کارروائیوں میں ملوث تھی، مزید کارروائیوں میں دہشت گرد بیزل اور خاران کے رہائشی سرفراز کو بھی گرفتار کیا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ پورے صوبے میں پولیس کی عملداری موجود ہے، ہر ضلع میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ادارے کی شاخیں بنائی جارہی ہیں، گزشتہ تین ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں