مذہبی منافرت و تقسیم روکنا علماء کی ذمہ داری ہے: مریم نواز، آئمہ میں اعزازیہ کارڈ تقسیم
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا تمام علما کرام کی ذمہ داری ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کوفروغ دیا۔
علماء کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آپ غمی اور خوشی کے موقع پر ہماری رہنمائی کرتے ہیں، ہم شاید آپ کو جائز مقام نہیں دے سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے پنجاب میں 80ہزار مساجد ہیں، مجھے70ہزار مساجد کے امام کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئیں، کئی مساجد کے امام نے کہا ہمیں ماہانہ 5ہزار روپے ملتے ہیں تومیرا دل بہت دکھا، آئمہ کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، علماء، آئمہ کرام اورامام صاحبان کو 25ہزار روپے ماہانہ دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ 25 ہزار ایک چھوٹی سی رقم ہے لیکن اس سے آپ کی زندگی میں کچھ آسانی ہوگی، ماہانہ اعزازیہ ملے گا، آسان اورشفاف آدائیگی کا نظام ہم نے ترتیب دے دیا ہے، ٓپ تمام نمازیوں سمیت حکمرانوں کی بھی تربیت کرتے ہیں، یہ 25ہزار آپ کیلئے ایک چھوٹا سا نذرانہ اورتحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر سے امام مسجد کا پنجاب بینک میں اکاؤنٹ اوپن ہوجائے گا، جب آئمہ کرام اورحکومت کے رابطے میں خلل آتا ہے تو معاشرے میں خرابی پیدا ہوتی ہے، پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، چاہتے ہیں ملک میں اتحاد اور امن کو فروغ ملے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئمہ کرام اورحکمرانوں کا آپسی تعلق مضبوط ہونا چاہئے، لوگوں نے اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہوا، مذہبی منافرت،تقسیم کو روکنا تمام علما کرام کی ذمہ داری ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کوفروغ دیا، انہوں نے ہمارے پرامن معاشرے کو تارتار کیا، رینجرز اورپولیس کے جوانوں کو شہید کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیاں گلیوں، محلوں اورشاہراہوں کو صاف کرتی ہیں، ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو نذر آتش کی گیا، عوام کی املاک جلائی گئیں ،گزرگاہیں روک دی گئیں، کچھ لوگ جلاؤ گھراؤ،سڑکیں بند کرنے کو مذہب کانام دیتے ہیں، عوامی املاک کو نقصان پہنچایا،جلاؤ گھیراؤ کرنا فتنہ نہیں تو اورکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنے کی سرکوبی صرف حکومت کا کام نہیں، مجھے آئمہ کرام کی معاونت کی ضرورت ہے، یہ معاشرے کیلئے زہر اورانسانیت کا قتل ہے، قرآن اورحدیث نے بھی فساد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، ظالم کسی بھی جنس یا رنگ ونسل سے ہو اس کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست پوری قوت سےمظلوم کو انصاف دلائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست اپنے شہدا کے خون کا ضرور حساب لے گی، ریاست لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری بھرپورطریقے سے ادا کرے گی، ملک اورقوم کے جان ومال، سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت کبھی نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بھی معلوم ہے عوام ٹریفک قوانین سے خوش نہیں، ہیلمٹ نہ پہننے،ون وے کی خلاف ورزی،کم عمری پر چالان ہورہے ہیں، ٹریفک چالان سے مریم نواز کی ذات کو کوئی فائدہ نہیں، ٹریفک قوانین کی پاسداری سےکئی ماؤں کے بچے چوٹ لگنے سے بچ جائیں گے، ٹریفک قوانین پر عمل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آئمہ کرام کی آواز ہر جگہ پہنچتی ہے، علما اورآئمہ کرام نے حکومت کی آواز عوام تک پہنچانی ہے۔