خیبرپختونخوا میں دیرپا امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، محسن نقوی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دیرپا امن و استحکام کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز پوری طرح پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جری جوانوں نے بنوں میں کارروائی کے دوران 3 خوارج کو ہلاک کر دیا، بنوں میں سکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی قابلِ ستائش ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔