ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں، برفباری سے پہاڑ سفید ہو گئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جھیلیں جم گئیں جبکہ برفباری کے باعث پہاڑ سفید ہو گئے جس سے آزاد کشمیر، خبیرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات کی رونقیں بڑھ گئیں۔

اسلام آباد خشک سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہے، شہر کا مطلع دن بھر ابر آلود رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اقتدار میں بارش کا کوئی امکان نہیں، لاہور میں بھی سردی بڑھ گئی جبکہ دھند کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد جب دھوپ نکلی تو نظارے اور بھی دلفریب ہوگئے، خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا، سیاح قدرت کے حسین نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں پھر سے برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا، چھٹی کے روز نتھیا گلی میں ڈیرے ڈالے سیاحوں نے سنو فال کو خوب انجوائے کیا، ادھر مالم جبہ کا موسم بھی حسین ہو گیا، سیاحوں کی کثیر تعداد نے وادی کا رخ کیا، قدرتی حسن اور برف باری سے محظوظ ہوئے۔

وادی شگر میں موسم سرما اور سال کی پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا، برفباری کے باعث وادی کا موسم سرد ہو گیا، ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں کمی آگئی، برفباری پر سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور وسطی اضلاع میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں