پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھارتی مظالم کے شکار مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن منایا جا رہا ہے۔

دنیا بھر میں 5 فروری کا دن یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے، یہ دن مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک پورا پاکستان یک زبان ہو کر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر رہا ہے۔

وزارت امور کشمیر کے زیراہتمام چائنہ چوک سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں وفاقی وزراء، مذہبی و سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھے والے افراد نے شرکت کی۔

کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، جبکہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز منعقد کئے جا رہے ہیں، جن میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ بھی مبذول کروائی گئی۔

واضح رہے کہ کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد آزادی کے دوران جہاں ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، وہیں ایک ہزار سے زائد کشمیری شہری بھارت کی مختلف جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں بھی جھیل رہے ہیں۔

بھارت کشمیری عوام کی کھربوں روپے کی جائیدادیں ضبط کرنے کے علاوہ ان کے کاروباری مراکز اور گھر بھی جلا کر دیکھ چکا مگر غیور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے آج بھی سینہ سپر ہیں، یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ اس جدوجہد کی راہ میں وہ اکیلے نہیں، پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت ہو یا پوری پاکستانی قوم، ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

دہائیوں سے کشمیر پر بھارتی قبضہ اور ریاستی جبر عالمی برادری سے تقاضا کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو، یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں