پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا: صدر و وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیریوں سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری بھائیوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیری عوام 8 دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ثابت قدم ہیں، یوم یکجہتی کشمیر کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ہوا، کشمیریوں کی قربانیاں عزم اور حوصلے کی روشن مثال ہیں۔

صدر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات غیرقانونی اور یکطرفہ تھے،عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے، پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یومِ یکجہتی کشمیر، افواج پاکستان کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری کشمیریوں سے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے، سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضامن ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کشمیریوں کو دہائیوں سے حق رائے شماری سے محروم رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر آج بھی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، آزادی کی روشن سحر کشمیری عوام کا مقدر بن کر رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں