بسنت پر حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق، 3 بچوں سمیت 6 زخمی

لاہور: (دنیا نیوز) بسنت پر حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے بتایاکہ سکھ نہر کے قریب 25 سالہ علی رشید کٹی پتنگ اتارنے کے لئے بجلی کے کھمبے پر چڑھا، کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش کوضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

رات 12 بجے کے بعد بسنت کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے، گلشن راوی کے علاقے میں 8 سالہ ارحا کو گلے پر ڈور پھر گئی جس کے باعث وہ زخمی ہوگئی، راوی روڈ کے علاقے میں چھت سے گرنے کے باعث ثاقب نامی شخص زخمی ہوگیا۔

لوئر مال کے علاقے میں پتنگ لوٹتے ہوئے 12 سالہ عبد الواحد زخمی ہوگیا، گلشن راوی کے علاقے میں 14 سالہ سلمان درخت سے پتنگ اتارتے ہوئے زخمی ہوا۔

ڈیفنس فیز5 میں 21 سالہ رافع تنویر موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا، رافع تنویر گردن پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا، گلشن راوی میں ڈور پھرنے سے45 سالہ شبیر زخمی ہوا، متاثرہ شخص کے چہرے اور ناک پر ڈور پھری جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں