صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی بنگلہ دیشی عوام اور طارق رحمان کو مبارکباد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عوام اور دو تہائی اکثریت حاصل کرنے پر بی این پی اتحاد اور متوقع وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے شاندار انتخابی کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے، صدر مملکت نے بنگلہ دیش کی عوام کو کامیاب اور پُرامن انتخابات کے انعقاد پر بھی دلی مبارکباد پیش کی۔
صدر دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے جمہوری شراکت داری اور باہمی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلا دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لیے ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے،بی این پی کو قومی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور اگلی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے طارق رحمان کو بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہوں تاکہ اپنے تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔
امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک تمنائیں: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے انتخابات میں قیادت حاصل کرنے پر مرحومہ خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان کو دلی مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ طارق رحمان کی قابل قیادت میں بنگلہ دیش امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان خود مختار برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، بنگلہ دیش کے عوام کو کامیاب جمہوری انتقالِ اقتدار پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کو انتخابات میں بڑی اکثریت مل گئی ہے اور بی این پی نے پرسوں سے حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے، اب تک غیر سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی اتحاد کو300 نشستوں میں سے 212 نشستوں پر کامیابی مل چکی ہے جبکہ جماعت اسلامی اتحاد کو 70 نشستوں پر فتح نصیب ہوئی ہے۔
اسی طرح نیشنل سٹیزن پارٹی صرف پانچ سیٹیں جیت پائی ہے، ووٹوں کی گنتی اب تک جاری ہے، ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زیادہ رہا ہے اور 67 فیصد ووٹروں نے جین زی کے مطالبات پر مشتمل ریفرنڈم میں آئینی اصلاحات کی حمایت کر دی ہے۔
دوسری طرف جماعت اسلامی اتحاد نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے مثبت انداز میں آگے بڑھنے پر زور دیا ہے۔