اداکارہ تمنا بھاٹیا، جنید خان کے ساتھ راگنی 3 میں دکھائی دینے کو تیار
ممبئ: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بیٹے جنید خان اداکارہ تمنا بھاٹیا کے ساتھ ایکتا کپور کی فلم راگنی ایم ایم ایس کے سیکوئل میں دکھائی دیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم راگنی ایم ایم ایس فرنچائز کی واپسی ہو رہی ہے تاہم اب اسے راگنی ایم ایم ایس 3 نہیں بلکہ صرف راگنی 3 کہا جائے گا، ہدایتکار شاشانک گھوش اس پروجیکٹ کی ہدایتکاری کریں گے جب کہ ساحر رضا تخلیقی کردار میں منتقل ہو جائیں گے۔
فلم کے مرکزی کرداروں کے لیے تمنا بھاٹیا اور جنید خان سے بات چیت جاری ہے، تاہم ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ پہلے ایسی خبریں تھیں کہ فلم غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے لیکن اب لگتا ہے کہ منصوبہ دوبارہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
علاوہ ازیں یہ خبریں بھی گردش میں تھیں کہ ہدایتکار کو شیڈولنگ مسائل کے باعث تبدیل کر دیا گیا ہے مگر اب تصدیق ہو گئی ہے کہ اصل ہدایتکار شاشانک گھوش ہی فلم ڈائریکشن دیں گے۔
یہ پروجیکٹ ایکتا کپور ہی پروڈیوس کریں گی جو پہلے دونوں حصوں سے وابستہ رہی ہیں، 2011 میں ریلیز ہونے والی راگنی ایم ایم ایس اور 2014 کی راگنی ایم ایم ایس 2 ایک ہارر تھرلر سیریز تھی، تاہم کہانی کی مکمل تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پہلی فلم میں راجکمار راؤ اور کائنات موٹیوالا مرکزی کرداروں میں تھے جب کہ سیکوئل میں سنی لیون اور ساحل پریم نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔