رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی متوقع سائنسی پیشگوئی

لاہور: (دنیا نیوز) سپارکو کی طرف سے رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت کی سائنسی پیشگوئی کردی۔

ترجمان سپارکو کے مطابق رمضان المبارک 1447 ہجری کا نیا چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ (پاکستان سٹینڈرڈ ٹائم) پر پیدا ہوگا جبکہ 18 فروری 2026 کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان دورانیہ تقریباً 59 منٹ متوقع ہے۔

فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 18 فروری 2026 کی شام آنکھ سے چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، چنانچہ یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔

تاہم اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔

دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 18 فروری کو پشاور میں طلب کر لیا گیا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے جس میں ماہ رمضان المبارک کے چاند کی رؤیت کا فیصلہ اور اعلان کیا جائے گا۔

اجلاس میں مرکزی و زونل رؤیت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران شریک ہوں گے، وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان سے ڈائریکٹر جنرل حافظ عبدالقدوس، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان، محکمہ موسمیات ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں