ایران امریکہ کی مستقل جنگ بندی کے ساتھ اسلامی بلاک ہماری تمنا: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز)ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی۔

جے یو آئی ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں حالیہ امریکہ ایران جنگ کے اثرات ، مضمرات سمیت اہم امور پر تفصیلی نشست ہوئی۔

اِس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لئے پاکستان کی میزبانی اعزاز ہے، جنگ بندی کی توقع اور مستقل امن کی خواہش کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری تمناء ہے، اسلامی بلاک جمعیت علماء کے منشور کا حصہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو سبق سیکھنا چاہیےکہ وحدت کے بغیر ہم ہمیشہ استعمال ہوں گے اور ہم اپنے وسائل کے خود مالک نہیں ہوں گے، اسلامی ممالک کی خود مختاری کا احترام ہونا چاہیے، فلسطین کی آزادی ہماری مدِنظر ہونا چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مسلم اُمّہ کا مل بیٹھ کر مضبوط قوت سے مسائل کو حل کرنا وقت کا تقاضا ہے، قبلہ اوّل بیت المقدس کا تحفظ اور اسرائیل کے ناجائز قبضے سے آزاد کرانا ہر مسلمان اپنا فرض منصبی سمجھتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے بارے میں آپکے جاندار موقف پر ایرانی قوم کی طرف سے شکر گزار ہو، میں آپ کے اس موقف کی تائید کرتا ہوں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکی جارحیت کے مقابلے میں جمعیت علماء اور مولانا فضل الرحمان سمیت پاکستانی عوام کا ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستانی عوام ،علماء اور مختلف طبقہ فکر کا مضبوط اور متوازن موقف قابل تحسین ہے۔

خیال رہے ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، سنیٹر کامران مرتضٰی، محمد اسلم غوری، مولانا اسجد محمود، مفتی ابرار شریک تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں