روس نے ملک بھر میں واٹس ایپ سروسز کو بلاک کردیا
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے 2025 میں واٹس ایپ پر پابندی کا انتباہ کیا تھا لیکن اب روس نے باضابطہ طور پر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کو اپنے ملک میں بلاک کر دیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق روسی انتظامیہ نے واٹس ایپ کو آن لائن ڈائریکٹری سے نکال دیا ہے اور مؤثر انداز سے روسی انٹرنیٹ سے خارج کر دیا ہے، روس میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 10 کروڑ یا اس سے زائد ہے۔
روسی حکومت نے کچھ عرصے قبل کہا تھا کہ وہ چاہتی ہے کہ صارفین ایک مقامی میسجنگ ایپ میکس پر منتقل ہو جائے جو کہ وی چیٹ ایپ کی نقل ہے، مگر اس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل نہیں۔
میٹا کی جانب سے بتایا گیا کہ روسی حکومت نے واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ ہمارے صارفین کو حکومت کے تحت کام کرنے والی نگران ایپ میں منتقل کیا جاسکے۔
بیان کے مطابق روسی حکومت 10 کروڑ سے زائد افراد کو محفوظ کمیونیکیشن سے محروم کرنا چاہتی ہے جس سے روسی عوام کو حاصل تحفظ گھٹ جائے گا۔
روسی حکومت نے 11 فروری کو ٹیلیگرام کو بھی آن لائن ڈائریکٹری سے ڈیلیٹ کر دیا تھا جبکہ میٹا کی دیگر ایپس فیس بک اور انسٹا گرام تک رسائی بھی ناممکن کر دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوٹیوب پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے مگر یہ واضح نہیں کہ اسے آن لائن ڈائریکٹری سے مکمل طور پر باہر کیا گیا ہے یا نہیں۔