باجوڑ: ابابیل سکواڈ کے 4 شہیدوں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
باجوڑ: (دنیا نیوز) ابابیل سکواڈ پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے 4 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
باجوڑ پولیس کے مطابق 25 فروری 2026ء کو رمضان المبارک کے دوران عوام کی حفاظت پر مامور ابابیل سکواڈ کی گشتی پارٹی پر دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل یار زادہ، داؤد خان، عمران اور سراج شہید جبکہ ارشاد خان اور عزیز الرحمٰن زخمی ہو گئے۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، نمازِ جنازہ میں کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس، ڈپٹی کمشنر، ایس پی انوسٹی گیشن، پولیس و سول افسران، عمائدین علاقہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی جبکہ تابوتوں پر پھول رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔