بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے سکھ یاتری وساکھی منانے پاکستان پہنچ گئے
لاہور: (دنیا نیوز) وساکھی میلہ میں شرکت کے لیے بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔
پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی و صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا اور واہگہ چیک پوسٹ پرایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک ناصر مشتاق نے یاتریوں کا استقبال کیا، اس موقع پر کمشنر لاہور مریم اور ڈی سی لاہور بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور بھی موجود تھے، سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور و دیگر کمیٹی ممبران بھی استقبال کرنے والوں میں شامل ہیں۔
پاکستان سنگھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان گورو نانک کی پاک دھرتی ہے، بھارت کے مختلف علاقوں سے یاترا کے لئے آنے والوں کو حکومت پاکستان کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہونے کے باوجود 28سو سے زائد لوگوں کو ویزا جاری کرنا معمولی نہیں ہے، پاکستان سکھوں کا دوسرا نہیں پہلا گھر ہے، یاترا کے لئے جب آپ کا دل کریں آسکتے ہیں پاکستان کے دروازے کھلے ہیں۔
سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمشہ امن کا حامی رہا ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران بھی سکھوں کے لئے دروازے کھولے رکھے، پاکستان دشمن قوتیں بھی پاکستان کی امن کی کوشش سراہ رہی ہیں۔
یاتری جتھہ لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پپا نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ،دنیا بھر کا سکھ پاکستان آنا چاہتا ہے، پاکستان میں بہت عزت اور احترام ملتا ہے۔
سردار چنٹوک سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے 2840 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے، حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں، ہمیں باڈر بند ہونے کے باوجود اجازت دی گئی۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک ناصر مشتاق نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام ،لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولیات فراہم کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اتر پردیش، دہلی و دیگر بھارتی ریاستوں سے یاتری پاکستان پہنچے ہیں، واہگ بارڈر پر کسٹم چیکنگ اور امیگریشن کے بعد یاتریوں کی پنڈال میں چائے اور مشروبات سے تواضع کی گئی۔
یاتریوں کو بسوں کے 3 مختلف قافلوں کی صورت میں گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ لے جایا جائے گا، پہلا قافلہ سخت سکیورٹی میں ننکانہ صاحب کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب میں ہو گی۔