وزیراعلیٰ پنجاب کی سکھ یاتریوں کے لیے رنگا رنگ تقریب، وساکھی کی خوشباں دوبالا
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں شاندار کلچرل نائٹ اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام اور بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں نے شرکت کی، تقریب میں پنجاب کی ثقافت، رواداری اور مہمان نوازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، عظمٰی کاردار، کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز بھی موجود تھے
سکھ یاتریوں نے تقریب میں بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا اور ڈھول کی تھاپ پر جھومتے رہے۔ اس موقع پر پنڈال ’جو بولے سو نہال‘ اور ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔

مزاحیہ فنکاروں سلیم البیلا، افتخار ٹھاکر اور جواد وسیم کی پرفارمنس نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے تمام سکھ سنگت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ’جی آیا نوں‘ کہا جاتا ہے، پنجاب میں سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات پر وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لاہور میں سکھ یاتریوں کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ انہیں پنجاب کی ثقافت دکھانے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سکھ یاتریوں کو مکمل مذہبی آزادی اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کو درشن سے روکنے کا کبھی تصور بھی نہیں کر سکتا، اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں ان کی مذہبی رسومات سے نہیں روک سکتی، سکھ یاتریوں کی آمد باعثِ مسرت ہے اور ان کی واپسی پر ان کی کمی محسوس کی جائے گی، حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مقدس مقامات کی بحالی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
رمیش سنگھ اروڑہ کے مطابق سکھ یاتریوں کو لاہور کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کی سیر بھی کروائی گئی تاکہ وہ پنجاب کے مثبت اور تاریخی تشخص سے آگاہ ہو سکیں، پاکستان ہمیشہ سکھ برادری کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے گا اور ویزا پالیسی میں سہولیات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر سکھ یاتریوں نے پاکستان اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں قیام کے دوران بہترین مہمان نوازی، محبت اور تحفظ فراہم کیا گیا۔