کراچی والے ہو جائیں تیار، رواں ماہ سخت گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
کراچی: (دنیا نیوز) مئی کے مہینے میں کراچی والے ہو جائیں تیار، محکمہ موسمیات نے سخت گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جارہی کردیا، اس کے علاوہ وسطی اور بالائی سندھ میں بھی ہیٹ ویو کی یہ لہر 3 مئی تک برقرار رہے گی۔
جامشورو، دادو، نوابشاہ اور خیرپور سمیت کئی اضلاع میں پارہ معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا خدشہ ہے، لاڑکانہ، سکھر اور جیکب آباد میں بھی گرمی عروج پر رہے گی، شہر کراچی میں اگلے تین روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
آج پارہ 39 ڈگری کو چھونے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک رہنے کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی فصل اور مال مویشیوں کو گرمی سے بچانے کے اقدامات کریں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں براہِ راست سورج کی تپش سے بچیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔