وزیراعلیٰٓ سندھ سے ڈنمارک کی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سے ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیرس کی ملاقات ہوئی، سندھ اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈنمارک کی سفیر کو سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا، ڈنمارک کی سفیر نے سندھ حکومت کے ترقیاتی وژن میں دلچسپی کا اظہار کیا، ملاقات میں ماحولیاتی تحفظ اور کلین انرجی کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی، ونڈ کوریڈور اور ونڈ انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں سستی بجلی مہیا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور صنعتی ترقی یقینی ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کے دوران ساحلی ترقی کے حوالے سے کیٹی بندر پر بھی بات ہوئی، جسے وزیراعلیٰ نے تاریخی اہمیت کا حامل علاقہ قرار دیتے ہوئے جدید بندرگاہ کے طور پر ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کیٹی بندر گاہ کی ترقی سے کراچی کی بندرگاہوں پر دباؤ کم ہوگا اور یہ علاقہ مستقبل میں اہم معاشی مرکز بن سکتا ہے۔ ڈنمارک کی سفیر نے بھی اس منصوبے کو علاقائی تجارت کے لیے اہم قرار دیا۔