معرکہ حق کا ایک سال مکمل، میونسپل کمیٹی حاصل پور میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ
حاصل پور: (دنیا نیوز) آپریشن بینان مرصوص، معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر میونسپل کمیٹی حاصل پور میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
حاصل پور میں آتش بازی سے آسمان رنگا رنگ روشنیوں سے جگمگا اٹھا، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر حاصل پور حماد حامد، ڈی ایس پی نصر اللہ بخت اور سی او چودھری محمد ندیم تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر حاصل پور حماد حامد نے کہا کہ آپریشن بینان مرصوص کی فتح ہم سب کی فتح ہے جس نے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا، جبکہ ڈی ایس پی نصراللہ بخت کا کہنا تھا کہ آپریشن بینان مرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد میونسپل کمیٹی میں موجود تھی، معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم اس دن کو جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔