بانی کو ہسپتال منتقل کیا جائے ورنہ سخت رویے کے ساتھ دوبارہ اڈیالہ آئیں گے: سہیل آفریدی
راولپنڈی:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی کو آئندہ منگل سے قبل ہسپتال منتقل کیا جائے ورنہ سخت رویے کے ساتھ اڈیالہ آئیں گے۔
اڈیالہ جیل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اپنی اور اخلاقی درجے کی پستی پر موجود لوگوں نے آج بھی بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے ملاقات نہیں کروائی، آج تمام پارلیمینٹرین اڈیالہ آئے تھے،اُن کو روکا گیا اور بدتمیزی کی گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ اُن کو پتہ تھا صوبے کا چیف ایگزیکٹو آرہا یے لیکن رکاوٹ پیدا کی گئی،یہ بار بار ہو رہا ہے، انشاءاللہ اب کی بار ہمارا رویہ تھوڑا سخت ہو گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو تشویش ہے، بانی کی صحت کے معاملہ کو نارمل نہیں ہونے دیں گے، اُنہیں فیملی اور ذاتی ڈاکٹر کی موجودگی میں ہسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا نہ ملاقات کرائی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میں فیملی کو بتانے آیا ہوں انکے ساتھ کھڑا ہوں اور انکے ساتھ ہر حد تک جاؤں گا، بانی کی اہلیہ سے بھی فیملی کو ملنے نہیں دیا جا رہا، ڈیمانڈ کرتے ہیں بانی کو آئندہ منگل سے قبل ہسپتال منتقل کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فیملی اور ذاتی ڈاکٹر کی نگرانی میں جلد اُن کا علاج شروع ہوا، یہ فیملی اور ڈاکٹر کو نہیں ملنے دے رہے اُن کے ارادے ہمیں خطرناک لگتے ہیں، ہم اس دوبارہ اگلے منگل کو تھوڑے سخت رویے کے ساتھ دوبارہ آئیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم کوئی غیر آئینی ڈیمانڈ نہیں کر رہے، یہ انسانی حق ہے اور جیل مینوئل میں بھی لکھا ہے، قیدی کو مرضی کے ڈاکٹر سے علاج کرانے دیا جائے، بانی کو تین سال جیل میں ہو گئے، وہ جعلی پلیٹ لیٹس گرا کر لندن بھاگ جاننے والوں کی طرح کمزور نہیں۔
سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ بانی اب اگر صحت کا کہہ رہا ہے تو اُن کی آنکھ کا سنگین مسئلہ ہے ہم یہ برداشت نہیں کریں گے۔