منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کے کیس میں اہم پیش رفت
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرفتار خاتون منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کو ایک ہفتہ قبل لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن سے لوکیٹر کی مدد سے گرفتار کیا، ملزمہ کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ نے ایک سابق پولیس انسپکٹر سے دوسری شادی کر رکھی تھی، لاہور میں جس گھر سے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا وہ کرائے کا مکان تھا، جہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی اسی گھر میں منشیات تیار کرتی تھی، جبکہ اس کا منشیات سپلائی کا مکمل نیٹ ورک کراچی میں سرگرم تھا، ملزمہ لاہور میں منشیات فروخت نہیں کرتی تھی اور وہاں اس کے خلاف کبھی کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق سابق پولیس افسر نے نواب ٹاؤن میں اپنے نام پر گھر کرائے پر لیا تھا، جہاں ملزمہ رہائش پذیر تھی اور مبینہ طور پر منشیات کی تیاری کا کام کیا جاتا تھا۔