ایوان صدر میں تقریب، مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں اعزازات تقسیم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایوان صدر میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شخصیات میں اعزازات تقسیم کیے۔

توانائی کے شعبے میں اصلاحات پروفاقی وزیر اویس لغاری کو ہلال امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا گیا، توانائی کے شعبے میں اقدامات اور خدمات عامہ کے شعبے میں خدمات پر مشیر نجکاری محمد علی کو بھی ہلال امتیاز کا ایوارڈ دیا گیا۔

کرکٹر شاہد آفریدی کو کھیل کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ کوہ پیما شہروز کاشف کے لیے ہلال امتیاز کا ایوارڈ انکی والدہ نے وصول کیا۔

جمہوریت کیلئے خدمات پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشان امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر عطاالحق قاسمی کیلئے نشان امتیاز جبکہ ادب اور خدمات عامہ کے شعبے میں عرفان الحق صدیقی مرحوم کو نشان امتیاز کا ایوارڈ دیا گیا، ادب کے شعبے میں خدمات پر اصغر ندیم سید کو ہلال امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں سپاہی اظہر محمود کو ہلال شجاعت کے ایوارڈ سے نوازا گیا، اسی طرح ملک کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی شاہ ولی خان کو بھی ہلال شجاعت کا ایوارڈ دیا گیا۔

گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اے ایس آئی اعجاز خان شہید اور وطن کیلئے جان قربان کرنے والے کانسٹیبل عالم زیب شہید کو ہلال شجاعت کے ایوارڈز دیے گئے، پولیس لائن بنوں میں دہشتگردوں کو روکنے والے کانسٹیبل حفیظ اللہ کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شہید لیاقت علی کیلئے ستارہ شجاعت جبکہ ماہر تعلیم نواب علی شہید کو بھی بے مثال بہادری پر ستارہ شجاعت سے نوازا گیا، اس کے علاوہ سینیٹر ہدایت اللہ شہید کو بھی ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔ اے ایس آئی محمد اکرم شہید، سب انسپکٹر تاج میر شہید کو بے مثال بہادری پر ستارہ شجاعت عطا کیا گیا۔

خدمات پاکستان کےشعبےمیں نمایاں کارکردگی پرڈاکٹرارشد ریحان اور ممتازماہرتعلیم منیراحمد چودھری مرحوم کی خدمات کےاعتراف میں ستارہ امتیازکے ایوارڈ دیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں