امریکی معاون وزیر خارجہ کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے لیے امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور کی اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے 11 اور 12 اپریل کو پاکستان کے دورے کو سراہا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) May 14, 2026
اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں اور مسلسل بامقصد مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور نے علاقائی ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔