میر واعظ مولوی محمد فاروق اور عبدالغنی لون کا آج یومِ شہادت
مظفر آباد: (دنیا نیوز) تحریک آزادی جموں وکشمیر کے عظیم کشمیری رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
میر واعظ مولوی محمد فاروق کو آج ہی کے دن 1990 میں قابض بھارتی فورسز نے شہید کیا تھا، ان کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی، تاہم جنازے کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 60 سے زائد کشمیری بھی شہید ہوگئے تھے۔
دوسری جانب میر واعظ کی برسی میں شرکت کے موقع پر آج ہی کے دن 2002 میں خواجہ عبدالغنی لون کو بھی شہید کر دیا گیا تھا، جسے کشمیری عوام آج بھی تحریکِ آزادی کشمیر کا ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہیں۔
دونوں کشمیری رہنماؤں اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف مختلف تقریبات، دعائیہ اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر مقررین کی جانب سے بھارت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ بھارت کی مبینہ ریاستی دہشت گردی کے خلاف مؤثر اور عملی کردار ادا کریں۔