پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے چناب کے لئے فلڈ الرٹ جاری

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے دریائے چناب کے لیے فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔

محکمہ آبپاشی کے لیٹر کے پیش نظر متعلقہ اضلاع اور محکموں کو ممکنہ سیلاب بارے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس 21 مئی صبح 9 بجے سے 30 مئی تک کھولے جائیں گے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

مرالہ بیراج پر اچانک پانی کی آمد کے خطرہ کے پیش نظر گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں ہائی الرٹ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے متعلقہ اضلاع میں کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رکھنے اور ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

عمر جاوید کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام محکمے الرٹ رہیں، شہری دریائی کناروں سے دور رہیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو بھاری مشینری، اضافی عملہ تعینات کرنے اور حفاظتی بندوں کا معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب بھارت کی طرف سے دریائے چناب میں سیلاب کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دریائے چناب کے آس پاس رہنے والے الرٹ رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں