سندھ: میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کی تاریخ کا اعلان

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔

فیصلے کے مطابق میٹرک کے نتائج 10 جولائی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کر دیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری جامعات محمد عباس بلوچ اور صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی، اجلاس میں صوبے بھر میں مکمل ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران تمام تعلیمی بورڈز نے اپنے اپنے ڈویژنز میں منعقدہ امتحانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژنز میں میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک جاری کیے جائیں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کر دیے جائیں گے، تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لیے بروقت سہولت میسر آ سکے۔

وزیر جامعات نے کہا کہ حکومت تمام تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، اجلاس میں چیئرمینز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج بھی 31 اگست تک جاری کر دیے جائیں گے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران زیرو پرفارمنس دکھانے والی ٹیموں کی ڈیوٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔

اجلاس میں کراچی ڈویژن کے تعلیمی بورڈ کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں