کنگ چارلس سوم نے پروفیسر ڈاکٹر افضل جاوید کو OBE اعزاز سے نواز دیا
لاہور: (دنیا نیوز) کنگ چارلس سوم کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل جاوید کو 'آفیسرآف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر' (OBE) اعزاز سے نوازا گیا۔
پروفیسر افضل جاوید سابق صدر ورلڈ سائیکاٹرک ایسوسی ایشن (2020 تا 2023) اور فاؤنٹین ہاؤس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ہیں۔
افضل جاوید کو ذہنی صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں 2 جون 2026 کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی جانب سے ونڈسر کیسل میں منعقدہ تقریب میں OBE اعزاز دیا گیا۔
پروفیسر افضل جاوید دنیا بھر میں ذہنی صحت کے فروغ کے لیے اپنی خدمات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے ذہنی صحت کے شعبے میں تربیت، پالیسی سازی، ماہرین کی استعداد بڑھانے اور ایسے علاقوں میں مستقل سہولیات قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا جہاں وسائل محدود تھے۔
پروفیسر افضل جاوید نے برطانیہ کی کئی فلاحی تنظیموں میں بھی اہم خدمات انجام دی ہیں۔
حکومتِ پاکستان نے ذہنی صحت کے شعبے میں قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا تھا۔
واضح رہے کہ پروفیسر افضل جاوید بانی و چیئرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کے بڑے بھائی ہیں، ڈاکٹر امجد ثاقب کو بھی ان کی سماجی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز پیش کیا گیا ہے۔