ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، چند مقامات پر بارش کا امکان
لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی جبکہ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا موسم گرم اور خشک رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ، زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بادل برسنے کے کوئی امکانات موجود نہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد تک جا پہنچا۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کوہاٹ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم کے چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، بالائی سندھ میں بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ صوبے کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔