مال بردار ٹرین کی بوگیاں ڈی ریل ہونے سے ٹریک تاحال بند، بحالی کا کام جاری

مٹیاری: (دنیا نیوز) وہاب شاہ ریلوے سٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی متعدد بوگیاں ڈی ریل ہونے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک تاحال بحال نہیں ہو سکے، حادثے کے بعد ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو اور بحالی کا آپریشن شروع کر دیا، جو مسلسل جاری ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اپ ریلوے ٹریک ایک کلومیٹر سے زائد حصے تک شدید متاثر ہو کر اکھڑ گیا، جبکہ ڈاؤن ٹریک کا بھی بڑا حصہ نقصان کا شکار ہوا ہے، جس کے باعث دونوں جانب ریلوے ٹریفک معطل ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بحالی کا کام دو مرحلوں میں جاری ہے، پہلے مرحلے میں ڈی ریل ہونے والی مال بردار ٹرین کی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹایا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بحالی کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ ڈاؤن ٹریک کو آج شام تک بحال کر کے ریلوے ٹریفک جزوی طور پر بحال کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...