دنیا بھر میں میٹا سروس عارضی طور پر متاثر ہونے کے بعد بحال
کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک( میٹا) کی سروس عارضی طور پر متاثر ہونے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق سروس میں آنے والے تعطل کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں صارفین کو فیس بک تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اِسی طرح انٹرنیٹ سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق اتوار کے روز دنیا بھر سے فیس بک میں خرابی کی ہزاروں شکایات موصول ہوئیں،صبح تقریباً 10 بج کر 39 منٹ پر چند ہی لمحوں میں شکایات کی تعداد 5 سے بڑھ کر 3 ہزار 555 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب متعدد صارفین نے بتایا کہ فیس بک کا ڈیسک ٹاپ ورژن بھی کام نہیں کر رہا تھا جب کہ بعض افراد کو لاگ اِن کی کوشش پر یہ پیغام موصول ہوا کہ "آپ کا اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے، سائٹ کے مسئلے کی وجہ سے اکاؤنٹ فی الحال بند ہے، چند منٹ بعد دوبارہ کوشش کریں۔"
بعد ازاں ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے بتایا کہ شکایات کی تعداد معمول پر آ گئی ہے اور فیس بک کی سروس بڑی حد تک بحال ہو چکی ہے، جبکہ صارفین دوبارہ پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments