روسی خلائی جہاز "سویوز ایم ایس-29" کامیابی سے مدار میں داخل، آج آئی ایس ایس سے الحاق متوقع
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی خلائی ادارے روس کاسموس کا انسان بردار خلائی جہاز "سویوز ایم ایس-29" کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں داخل ہو گیا، جبکہ اس کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے الحاق آج رات متوقع ہے۔
روس کاسموس کے مطابق خلائی جہاز کی لانچنگ اور مدار میں کامیاب رسائی منصوبہ بندی کے مطابق مکمل ہوئی۔ 75ویں طویل المدتی خلائی مشن کا عملہ تیز رفتار ٹو آربٹ (Two-Orbit) پرواز کے ذریعے تقریباً تین گھنٹوں میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچے گا۔
ادارے کے مطابق سویوز ایم ایس-29 کی آئی ایس ایس سے ڈاکنگ (الحاق) پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 10 بج کر 56 منٹ پر متوقع ہے، الحاق کے بعد ہوا بند دروازے (ہیچز) کھولے جائیں گے، جس کے بعد روس کاسموس کے خلا باز پیوتر دوبروف اور آنا کیکینا کے ساتھ ناسا کے خلا باز انیل مینن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں داخل ہوں گے۔
روس کاسموس کا کہنا ہے کہ مشن کا عملہ 261 روز تک خلا میں قیام کرے گا، جہاں وہ مجموعی طور پر 38 سائنسی تجربات انجام دے گا۔ ان میں "گازوآنالیزاتور-ایف ایس" (Gasoanalizator-FS)، "ٹیلی ڈروئیڈ" (Teledroid) اور "سولنتسے-ٹیرا ہرٹز" (Solntse-Terahertz) جیسے اہم تحقیقی منصوبے شامل ہیں۔
روسی خلائی ادارے کے مطابق ان سائنسی تجربات کا مقصد خلائی تحقیق کو فروغ دینا، جدید ٹیکنالوجی کی جانچ اور مستقبل کے انسان بردار خلائی مشنز کے لیے نئی سائنسی معلومات اور تجربات حاصل کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments