شیری رحمان کا پولنگ میں تاخیر، پولنگ ایجنٹس کو روکنے کا الزام
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے آزاد کشمیر میں پولنگ کے آغاز میں تاخیر اور پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو بعض پولنگ سٹیشنز میں داخلے سے روکنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ایل اے 16 کے پولنگ سٹیشن نمبر 61 جبکہ ایل اے 15 کے پولنگ سٹیشنز نمبر 87، 143 اور 144 پر بروقت پولنگ شروع نہ ہونا تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ میں تاخیر کا خمیازہ ووٹرز کو نہیں بھگتنا چاہیے، ضائع ہونے والے وقت کو پورا کرکے ووٹرز کو حقِ رائے دہی کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ ایل اے 16 کے پولنگ سٹیشنز نمبر 119 اور 120 پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو داخلے سے روکنا انتخابی شفافیت پر سنگین سوال ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولنگ سٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران سے پیپلز پارٹی کے ایجنٹس کو روکنے کی وضاحت طلب کی جائے۔
شیری رحمان نے ایل اے 15 کے پولنگ سٹیشن نمبر 158 سے پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالے جانے کا بھی فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو انتخابی عمل کی نگرانی سے روکنا شفاف انتخابات کے منافی ہے، الیکشن کمیشن کو اس معاملے پر فوری مداخلت کرنی چاہیے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ پولنگ عملے یا انتخابی سامان کی کمی کی صورت میں فوری طور پر متبادل انتظام کیا جائے تاکہ ووٹرز کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی بھی رکاوٹ یا بے ضابطگی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، الیکشن کمیشن فوری طور پر شکایات کا ازالہ کرے۔
سینیٹر شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے تمام پولنگ سٹیشنز پر قانون کے مطابق آزادانہ، شفاف اور بلا رکاوٹ پولنگ یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments