نئے صوبوں کے لیے اٹھنے والی ہر تحریک کا حصہ بنیں گے: مصطفیٰ کمال
کراچی:(دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے لیے اٹھنے والی ہر تحریک کا حصہ بنیں گے۔
سرجانی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے لیکن ملک میں اب بھی صرف چار صوبے ہیں، نئے انتظامی یونٹس بنانا ناگزیر ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لیے آئینی مسودہ اور ایجنڈا پیش کیا، تاہم پیپلز پارٹی نے اس کی حمایت نہیں کی، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم میں بھی ان کی بات نہیں مانی گئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب ایم کیو ایم انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک کا ہراول دستہ بنے گی اور نئے صوبوں کے لیے اٹھنے والی ہر تحریک کا حصہ بنے گی، ملک میں کسی نئی حد بندی کی ضرورت نہیں، موجودہ ڈویژنز کو صوبوں کا درجہ دیا جائے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پورے ملک میں 33 صوبے ہونے چاہئیں، اسلام آباد کو بھی صوبے کا درجہ دیا جائے، پنجاب میں 10 اور بلوچستان میں 8 ڈویژنز ہیں، جبکہ دیگر صوبوں کے ڈویژنز کو بھی انتظامی یونٹس میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاق نے 8 ہزار 884 ارب روپے صوبوں کے حوالے کیے، لیکن یہ رقم چار وزرائے اعلیٰ کے پاس چلی گئی، سندھ کے عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، کراچی کے بچے گٹروں میں گر کر جاں بحق ہورہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو کسی صوبے کا ایک انچ بھی دینے کی ضرورت نہیں، مسئلہ انتظامی نظام کا ہے، آج ملک چار وزرائے اعلیٰ چلا رہے ہیں، انہیں خوف ہونا چاہیے کہ اگر وہ کام نہیں کریں گے تو عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments