راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نالہ لئی میں طغیانی آگئی، نیو کٹاریاں اور گوالمنڈی میں پانی کی سطح 22 فٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے نالہ لئی کے اطراف کی آبادی کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے، اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

واسا کی ٹیمیں اور بھاری مشینری نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں موجود ہیں، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے جمعے تک بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے، دریائے سندھ کے کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ ملک کے باقی دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔

دوسری جانب موسلادھار بارشوں کے باعث میٹرو بس کی چھت ٹپکنے لگی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، چھتوں سے پانی ٹپک کر کرسیوں پر جمع ہوگیا، جبکہ اسلام آباد میں بارش سے ایف سیون اور ایف ایٹ سیکٹر کی سڑکوں اور کھنہ ایسٹ کے علاقہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، نارووال، شکرگڑھ، منڈی بہاؤالدین اور دیگر شہروں میں بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

صوابی میں بھی طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، نالوں میں طغیانی آ گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...