شام میں اسرائیلی حملے قابل مذمت، علاقائی امن و استحکام مزید متاثر ہو سکتا ہے: دفتر خارجہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے شام کے صوبے ادلب میں ابو الظہور ایئربیس پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے شام کے ابو الظہور ایئربیس پر کئے گئے بلااشتعال حملے کی سخت مذمت کرتا ہے، اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ان سے علاقائی امن و استحکام مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان شامی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی بار بار خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں پر اسرائیل کو جواب دہ بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شام پر اسرائیلی فوج کے حملے اشتعال انگیز کارروائی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments