عوام نے ثابت کردیا، میر پور خاص عمران خان کا قلعہ ہے: سہیل آفریدی

میرپورخاص:( دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرپورخاص والوں نے ثابت کردیا، یہ بانی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے۔

سندھ کے علاقے میرپورخاص کے پوسٹ آفس چوک میں سہیل آفریدی پہنچ گئے جہاں ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، زین شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ آج میرپورخاص نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ بانی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے، میرپورخاص غیور اور بہادر لوگوں کا شہر ہے، یہاں کے عوام آموں کی مٹھاس کی طرح محبت کرنے والے اور میٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا احتجاج پاکستان کو بچانے کے لیے کیا جا رہا ہے، قوم کو ملک کو چوروں اور ڈاکوؤں سے بچانے کے لیے باہر نکلنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی عوام کے لیے قید کاٹ رہے ہیں اور تین سالہ غیر قانونی قید کے باوجود آج بھی ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے عوام اپنا فیصلہ دے چکے ہیں اور ان کے سندھ کے دورے نے ثابت کر دیا ہے کہ سندھ کس کے ساتھ کھڑا ہے، عدلیہ کی توقیر کے لیے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، اب پاکستانی قوم ملک کے فیصلے خود کرے گی۔

سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو کیسے چلانا ہے، اس کا فیصلہ قوم کو کرنا ہوگا، 27 ستمبر کو قوم ملک کے مستقبل کے لیے نکلے گی اور پاکستانی قوم اپنے وقار کا سودا نہیں کرے گی۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، اب نوجوانوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے باہر نکلنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...