حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ ختم کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر: فاروق ستار
حیدرآباد:(دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ ختم کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔
حیدرآباد میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان اب معرکہ حق سے معرکۂ معیشت کی جانب بڑھ رہا ہے، حکومت کو اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا تاکہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ کم ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا 61واں یوم دفاع منایا جا رہا ہے، 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ کا پہلا معرکۂ حق تھا، جب پوری قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کی اہمیت 14 اگست کی طرح ہے، اس موقع پر پاک فوج کے تمام شہداء کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہمارے جوانوں نے ملک کی آزادی اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
فاروق ستار نے کہا کہ دنیا نے پہلی مرتبہ دیکھا کہ پاکستانی جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دشمن کے عزائم ناکام بنائے، 10 مئی 2025ء کے معرکۂ حق 2 میں پاکستان نے جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بھارتی رافیل طیاروں کو بھی مؤثر جواب دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گنتی ابھی تک ختم نہیں ہوئی، وہ 10، 11 تک تو پہنچ چکے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پاکستان کی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہوگا تاکہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے ختم کیے جاسکیں، اب ہم معرکۂ حق سے معرکۂ معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ 62 ویں یوم دفاع کا انتظار کریں، دیکھیں گے کہ حیدرآباد اور کراچی کس طرح پاکستان میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments