وفاق کے پاس خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانا آسان نہیں تھا، وفاقی حکومت کے پاس ایمرجنسی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا، دھرنوں اور احتجاج کے باعث معشیت کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے اور دنیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے، جبکہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمت، بہادری اور استقامت سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا، پاکستان نے سانحہ جعفر ایکسپریس، بلوچستان میں مزدوروں کے اغواء اور شہادتوں جیسے واقعات کا سامنا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نئی حکمت عملی پر کام کیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ہدایت پر دہشتگردوں کے خلاف روزانہ آپریشن جاری ہیں، افغان رجیم پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔

انہوں نے بتایا کہ اگست 2025 میں کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس ہوا، جس میں بدقسمتی سے افغان حکام نے دہشتگردی کے معاملے پر وعدے پورے نہیں کیے، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشتگرد گروپ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے دہشتگرد دراندازی کرکے ہمارے جوانوں اور شہریوں پر حملے کرتے ہیں، پاکستان افغان سرحد پر حفاظتی باڑ لگا چکا ہے، جبکہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کی بھرپور مدد کی، خطے کے امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جعفر ایکسپریس ہائی جیک کرنے کا منصوبہ بھی افغانستان میں بنایا گیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کو اسلحے سمیت ہر قسم کی امداد فوری طور پر بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے اور دہشتگردی کے خلاف اپنے اقدامات سے عالمی برادری کو ہمیشہ آگاہ کرتا رہا ہے، افغانستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی خود اس کے اپنے مفاد میں ہے، بصورت دیگر اسے نتائج خود بھگتنا ہوں گے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، جبکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...