خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و ترقی کیلئے فنڈز کی فوری فراہمی کا فیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ممبران کا اہم اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں پائیدار امن اور تیز رفتار ترقی کیلئے فنڈز کی فوری فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کور کمانڈر پشاور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ممبران اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضم شدہ اضلاع کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان، ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
فورم نے ان 12 اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے عوام کے کلیدی کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے اشتراک سے ان علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ان اقدامات سے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی بلکہ مجموعی سماجی و معاشی ماحول میں بہتری اور پائیدار امن کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
اجلاس کے دوران 12 اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کی فوری دستیابی، بروقت اجراء اور شفاف و مؤثر استعمال سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اضلاع کی ترقیاتی ضروریات اور عوامی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل کے نمائندوں اور مقامی عمائدین کی تجاویز کی روشنی میں وسائل کی تیز ترین فراہمی اور ترقیاتی منصوبہ بندی یقینی بنائی جائے گی۔
شرکاء نے ان اضلاع میں بے روزگاری کے خاتمے، نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے قابل عمل اقدامات پر مشاورت کی، نوجوانوں کو فنی و ہنرمندی کی تربیت فراہم کرنے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع سے منسلک کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں عوام کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے، تعلیمی اداروں کی بہتری اور ہسپتالوں سمیت بنیادی مراکز صحت کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ان 12 اضلاع کے عوام کی فلاح و بہبود، محرومیوں کے ازالے اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments