پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا ہے، سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کی خاطر جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ اہم پیشرفت اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی کی ملاقات کے دوران سامنے آئی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوڈان میں قیامِ امن اور تعمیرِ نو کے عمل میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی، انہوں نے نادرا کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ سوڈان میں نادرا کی مدد سے اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، 1 کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ سول رجسٹریشن اور نادرا کے سسٹم میں آئندہ بھی پاکستان مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔مزید دریافت کریں

سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے درپیش ویزا مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے، اس کے علاوہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کے لیے انہیں صحت کے شعبے میں تمام تر ممکنہ آسانیاں دی جائیں گی۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تجربات بالخصوص سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں،  انہوں نے پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی مدد پر وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ این پی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...