شارٹس کی کامیابی، یوٹیوب نے ’سٹوریز‘ بند کرنے کا اعلان کر دیا

سین فرانسسكو: (ویب ڈیسک) یوٹیوب نے سال 2018ء میں ایپ میں سٹوریز کا آپشن رکھا تھا تاہم مقبولیت کے مطلوبہ اہداف پورے نہ کرنے پر اب اسے بند کیا جا رہا ہے۔

یوٹیوب سٹوریز کا آپشن اس مقصد کے تحت رکھا گیا تھا کہ کہ تخلیق کاروں کو صارفین سے جڑنے کا ایک نیا راستہ فراہم کیا جائے، یوٹیوب انتظامیہ نے صارفین کی توجہ حاصل کرنے کیلئے اس میں فل سکرین آپشن بھی شامل کیے تھے۔

سٹوریز ختم کرنے کے باقاعدہ اعلان میں انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یوٹیوب پر تخلیق کے بہت سے طریقے ہیں جن میں کمیونٹی پوسٹس، شارٹس اور طویل مدت کی ویڈیوز شامل ہیں تاہم سٹوریز اپنی کشش کھو رہی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ 26 جون 2023ء سے یوٹیوب سٹوریز کو بتدریج ختم کردیا جائے گا اور اس تاریخ کو جو سٹوری پوسٹ کی جائے گی وہ بھی اگلے 7 دنوں میں غائب ہوجائے گی۔

یوٹیوب نے عندیہ دیا ہے کہ سٹوریز وہ مقبولیت حاصل نہ کرسکیں جس کی توقع کی جا رہی تھی، کمپنی کے اس اعتراف کی وجہ یوٹیوب شارٹس کی غیرمعمولی مقبولیت ہو سکتی ہے یا پھر یہ کہ کمپنی اس کا کوئی متبادل پیش کرنا چاہتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں