ٹوئٹر کے ایڈورٹائزمنٹ کوالٹی ہیڈ کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کے برانڈ سیفٹی اور ایڈورٹائزمنٹ کوالٹی کے سربراہ اے جے براؤن نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق براؤن نے اشتہارات کو نامناسب مواد کے ساتھ شائع ہونے سے روکنے کی کوششوں پر کام کیا۔

گزشتہ سال ایلون مسک کی جانب سے پلیٹ فارم خریدے جانے کے بعد ٹوئٹر کو اشتہاری آمدنی میں بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ کمپنیاں نہیں چاہتیں کہ ان کی مصنوعات کے اشتہارات کو متنازعہ مواد کے ساتھ شائع کیا جائے۔

براؤن ایک اعلیٰ ایگزیکٹو تھے جنہوں نے مشتہرین کو یہ یقین دلانے کے لیے کام کیا کہ ٹوئٹر ان کے لیے اپنے اشتہارات لگانے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق اے جے براؤن کے فیصلے کو ٹوئٹر کی نئی سی ای او لنڈا یاکارینو کو درپیش چیلنجز میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اے جے براؤن کا مستعفی ہونے کا فیصلہ ہیڈ آف سیفٹی اینڈ ٹرسٹ ایلا اررون کے استعفے کے بعد سامنے آیا ہے۔

گزشتہ روز ایلا اررون نے ٹوئٹر کے ہیڈ آف سیفٹی اینڈ ٹرسٹ کے عہدے سے استعفٰی دیا، انہوں نے گزشتہ سال ٹوئٹر کے ہیڈ آف سیفٹی اینڈ ٹرسٹ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایلا نے ٹوئٹر کی پالیسی پر تحفظات کے باعث استعفٰی دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں