گوگل نے اینڈرائیڈ 16 میں سکیورٹی خامی کی تصدیق کر دی
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایک نئی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 16 میں ایک سکیورٹی خامی سامنے آئی ہے، جس کے ذریعے بعض حالات میں لاک سکرین کا حفاظتی نظام بائی پاس کیا جا سکتا ہے، گوگل نے اس مسئلے سے آگاہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیلئے اصلاحی اپ ڈیٹ تیار کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ خامی جیمینائی کے لاک سکرین سے استعمال ہونے والے فیچر سے متعلق ہے، اگر صارف نے پہلے سے میسج یا واٹس ایپ جیسی ایپس تک جیمینائی کی رسائی بند کر رکھی ہو، تو عام طور پر ان ایپس کے استعمال کیلئے فون پِن مانگتا ہے۔
تاہم ایک مخصوص طریقہ اختیار کرتے ہوئے (جس میں ’ایڈ اٹیچمنٹ‘ اور ’کنٹینیو‘ بٹن ایک ساتھ دبائے جاتے ہیں) تو پِن کی تصدیق بعض صورتوں میں بائی پاس ہو جاتی ہے۔
اس کے بعد حملہ آور نہ صرف پیغام بھیج سکتا ہے بلکہ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ جیمینائی کی بند کی گئی واٹس ایپ رسائی دوبارہ فعال کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ خامی مئی سے گوگل کے علم میں ہے اور صرف پکسل فونز تک محدود نہیں ہے بلکہ دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز بھی اس سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں کہ کون سے برانڈز یا اینڈرائیڈ ورژنز اس خطرے کی زد میں ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی خامیوں کو سائبر سکیورٹی کی زبان میں ’آتھنٹیکیشن بائی پاس‘ یا ’لاک سکرین بائی پاس‘ کہا جاتا ہے۔
اگرچہ ایسے مسائل وقتاً فوقتاً مختلف آپریٹنگ سسٹمز میں سامنے آتے رہتے ہیں لیکن صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سرکاری سکیورٹی اپ ڈیٹس دستیاب ہوتے ہی اپنے فون ضرور اپ ڈیٹ کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments