نادرا کا نیا شناختی کارڈ پاکستان میں تیار، درآمدی مائیکرو چِپ پر انحصار ختم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا نے پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا، خود انحصاری کی جانب اہم قدم کے طور پر نادرا نے چِپ کے بغیر نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرایا ہے۔
نیا قومی شناختی کارڈ پولی کاربونیٹ میٹریئل پر پاکستان میں تیار کیا گیا ہے، نئے شناختی کارڈ میں درآمدی مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے۔
کیو آر کوڈ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تصدیق عام سمارٹ فون سے بھی ممکن ہوگی، پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نئے شناختی کارڈ کا کیو آر کوڈ پڑھ کر تصدیق کی جا سکے گی۔
نئے شناختی کارڈ کے کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوگی، کیو آر کوڈ کے ذریعے نام، پتہ اور دیگر شناختی معلومات کے ڈیٹا اندراج میں غلطیوں میں کمی آئے گی۔
ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، ہسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ تصدیق کا سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔
نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر اور معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضاء عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے مخصوص نشانات بھی ہوں گے، جبکہ نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔
کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ آج 14 اگست سے موجودہ چِپ کے بغیر ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔
جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ NICOP اور جووینائل کارڈ سمیت تمام اقسام کے قومی شناختی کارڈز کے لیے جاری ہوگا جبکہ آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے کارڈ میں منتقل ہوگا۔
نادرا کے مطابق پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments