طالبان کے زیراثر اضلاع کی تعداد 220 ہوگئی، افغان حکومت کا قبضہ واپس لینے کا دعوی

دنیا

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان کے زیرقبضہ اضلا ع کی تعداد دوسو بیس ہو گئی، افغان حکومت کےمطابق کئی اضلاع کا قبضہ واپس لے لیا گیا ہے۔

واشنگٹن میں قائم ادارے  فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز  کے جریدے  لانگ وار جرنل  کے مطابق افغان طالبان چارسو سات اضلاع میں سے 220 اضلاع پر قبضہ کر چکے ہیں، وائس آف امریکا کےمطابق طالبان کے 34 افغان صوبائی دارالحکومتوں اور کابل کے قریب پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب افغان حکومت کا دعویٰ ہے کہ جھڑپوں کے دوران سیکڑوں طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے جب کہ کئی اضلاع کا کنٹرول واپس لے لیا گیا ہے۔

امریکا کے افغان مشن کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی نے کہا ہے کہ افغان فورسز کی درخواست پر طالبان کے خلاف بمباری تیز کردی ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حکومتی دستوں کا پہلا کام طالبان عسکریت پسندوں کی پیش قدمی روکنا ہے اور طالبان کی یلغار کی رفتار میں کمی کے بعد ہی ان کے زیر قبضہ علاقے آزاد کرانے کی کوشش کی جا نی چاہیے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں