کینیڈا: مسلمان خاندان کو ٹرک سے کچلنے والے مجرم کو 5 بار عمر قید کی سزا

ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا کی عدالت نے مسلمان خاندان کے 4 افراد کو ٹرک سے کچلنے والے سفید فام کینیڈین شہری کو سزا سنا دی ہے۔

 

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین عدالت نے 22 سالہ نیتھنیل ویلٹ مین کو 2021ء میں اپنے ٹرک سے مسلم خاندان کے 4 افراد کو کچل کر موت کے گھاٹ اتارنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے، قاتل کو نومبر میں ایک جیوری نے مجرم قرار دیا تھا۔

 

واقعے میں 46 سالہ سلمان، ان کی 44 سالہ اہلیہ، 15 سالہ بیٹی اور 74 سالہ والدہ جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ صرف ایک 9 سالہ لڑکا معجزانہ طور پر محفوظ رہا تھا، مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق قاتل نے خاندان کی 2 خواتین کو روایتی پاکستانی لباس پہنے ہوئے دیکھ کر نشانہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق جج نے فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیتھنیل ویلٹ مین نے بے گناہ خاندان کے افراد کو ٹارگٹ کیا جن سے وہ کبھی نہیں ملا تھا، جرم کے بعد اس نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کیا، نیتھنیل ویلٹ مین تمام مسلمانوں کی حفاظت اور سلامتی کو خطرے میں ڈال کر ان کے خلاف جرم کرنا چاہتا تھا، سفید فام بالادستی پسندوں نے کیس میں تعاون کرنے کی کوشش کی ہے۔

فیصلے کے مطابق نیتھنیل ویلٹ مین 25 برس تک پیرول کیلئے اہل نہیں ہو گا، کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار دہشت گردی کی دفعات کے تحت مجرم کو یہ سزا سنائی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں