طالبان نے جاندار چیزوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کر دی

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں قائم طالبان حکومت کی جانب سے جاندار چیزوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ نے سول اور ملٹری حکام کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ اپنی رسمی، غیر رسمی محفلوں میں جاندار چیزوں کی تصاویر لینے سے گریز کریں، طالبان نے حکام کو فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جاندار چیزوں کی تصاویر لینے سے فائدے کے بجائے نقصان ہوتا ہے، تصاویر نہ لینے سے متعلق پابندی کا اطلاق میڈیا یا عوام پر ابھی نہیں کیا گیا، اس ہدایات کا اطلاق صرف صوبائی حکام پر ہو گا۔

طالبان عہدیدار کے مطابق جاندار کی تصویریں کھینچنا ایک بڑا گناہ ہے، میڈیا کے دوست اور افغان شہری اس گناہ کا ارتکاب کرتے رہتے ہیں، اس سے قبل بھی طالبان نے 1996ء سے 2001ء تک جانداروں کی تصاویر پر پابندی لگا دی تھی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں