کاروباری معلومات چھپانے پر سعودی شہری اور 4 غیر ملکی جیل منتقل

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں کاروباری معلومات چھپانے پر ایک سعودی شہری اور 4 غیر ملکیوں کو بالترتیب 3، 3 اور 2 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی شہری خالد عیظہ المنہالی کو غیر ملکیوں کو اپنے نام پر کاروبار کرنے کی اجازت دینے جبکہ یمنی شہریوں عماد علی، بسام علی اور فیصل عسکر کو سعودی شہری کے نام پر کاروبار چلانے کا الزام ثابت ہونے پر 3، 3 سال قید، 5 ویں تارک کو کاروبار کا حساب رکھنے پر 2 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

وزارت تجارت کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ مذکورہ غیر ملکی افراد نے مدینہ منورہ اور نجران میں سونے کی دکانیں کھول رکھی تھیں مگر کاروبار سعودی شہری کے نام پر تھا، تفتیشی ٹیم کو تحقیقات کے دوران یقینی طور پر شواہد اور دلائل ملے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ مذکورہ کاروبار تجارتی معلومات چھپانے کے ضمن میں آتا ہے اور جس کی بنیاد پر عدالت میں کیس کیا گیا۔

سعودی شہری کے نام پر غیر ملکیوں کے کاروبار میں ملوث 5 افراد کو سزا سنانے کے ساتھ ساتھ ان کے 60 لاکھ ریال کے علاوہ 28 کلو گرام سونا بھی ضبط کر لیا گیا ہے، ملزمان پر ایک لاکھ ریال جرمانہ، تجارتی سربمہر، لائسنس معطل اور غیر ملکیوں کو سزا مکمل کرنے کے بعد بے دخل کرنے کی بھی سزا ہوئی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں