حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی تدفین آج دوحہ میں ہوگی

دوحہ : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) قطر میں نماز جنازہ کے بعد حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی تدفین آج دوحہ میں ہو گی۔

حماس رہنما اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہانیہ کی نمازجنازہ گزشتہ روز تہران میں ادا کی گئی ، جس کے بعد انہیں آج قطر کے شہر لوسیل کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہانیہ کا جسد خاکی قطر کے دارالحکومت دوحہ منتقل کیا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ جمعہ کے بعد امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی جائے گی۔

حماس سربراہ کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب تہران میں ان کی رہائش گاہ میں میزائل حملے میں شہید کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی گئی، نماز جنازہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی۔

اس موقع پر نومنتخب ملکی صدر پزشکیان بھی ان کے ہمراہ تھے، خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ  میں  ہزاروں افراد ان کی تصاویر والے پوسٹر اور فلسطینی پرچم لیے ہوئے جمع تھے۔

یہ بھی پڑھیں:اسماعیل ہانیہ کے خون کا بدلہ لینا ہمارا فرض ہے : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

یاد رہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے قبل ان کے خاندان کے 70 اراکین اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے آج بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کا بدلہ لینا   تہران کا فرض‘‘ ہے کیونکہ  یہ قتل ایرانی دارالحکومت میں‘‘ ہوا ہے،  اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی جنگ کی وجہ سے پہلے ہی مشرق وسطیٰ کے خطے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے ، گزشتہ برس 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد غزہ پٹی میں اسرائیل کی بڑی فضائی اور زمینی فوجی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں